آبنائے ہرمز(پاک ٹوڈے): ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں میں سے ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جبکہ دوسرے کو راستہ تبدیل کرکے واپس مڑنا پڑا۔
آئی آر جی سی کے مطابق غنم جزیرے کے شمال میں گزرنے والے ایک آئل ٹینکر میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکا ہوا، جبکہ اس کے ساتھ موجود دوسرے ٹینکر نے اپنا راستہ تبدیل کرلیا۔ غنم جزیرہ آبنائے ہرمز کے دہانے پر واقع ہے اور سلطنت عمان کا حصہ ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ جمعے کی صبح ایک امریکی ایف 16 طیارہ ایرانی دفاعی نظام کی جانب سے انتباہی فائر کیے جانے کے بعد پیچھے ہٹ گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق طیارہ ہنگام جزیرے کے جنوب مشرق میں ایرانی حدود کے قریب پہنچا تھا اور مبینہ طور پر بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا۔
ایرانی حکام نے واضح نہیں کیا کہ آئل ٹینکروں اور امریکی طیارے سے متعلق واقعات کا آپس میں کوئی تعلق تھا یا نہیں۔
ایران اور امریکہ دونوں آبنائے ہرمز میں اپنی موجودگی اور اثر و رسوخ کا دعویٰ کرتے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ان آئل ٹینکروں کی تعداد میں کمی آئی ہے جو اس کے بقول آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستوں کے ذریعے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق 18 سے 20 نومبر کے درمیان 114 بحری جہاز امریکی معاونت کے ساتھ آبنائے ہرمز سے
گزرے۔