پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کرنے کی مخالفت، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کا اعلان

رحیم یار خان (پاک ٹوڈے): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت صرف جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی حمایت کرتی ہے۔

رحیم یار خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے، نوجوان پریشان ہیں جبکہ مہنگائی اور غربت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ کسانوں کو بھی اپنی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب دوست جماعت ہے اور حکومت کو ملک میں جاری اصل معاشی مشکلات کی جانب متوجہ کر رہی ہے۔ یہ وقت سیاسی انتقام کا نہیں بلکہ عوامی مسائل حل کرنے کا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا کہ سازشی عناصر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جدوجہد کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ کسی بیک ڈور طریقے سے نہیں بنایا جائے گا بلکہ اس مقصد کے لیے بھرپور سیاسی جدوجہد کی جائے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس جدوجہد میں تعاون کرنے پر مخدوم سید احمد محمود اور ان کے صاحبزادوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Related posts

پاکستان میں 6 ہزار سائبر اسپیس ڈیفنڈرز بھرتی کرنے کا منصوبہ

آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کے خلاف کارروائی، پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی اہم کمیٹی کا اجلاس شروع