شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

شمالی وزیرستان (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز سے بچنے کے لیے مسجد کو ڈھال بنانے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے مسجد کی حرمت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط اور درستگی کے ساتھ کارروائی مکمل کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے اور فورسز دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے دہشتگردوں کے مذموم منصوبے ناکام بنائے۔

حالیہ ہفتوں کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگرد حملوں میں اضافے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں تیز کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق اگست میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے علاوہ دیگر علاقوں میں 54 دہشتگرد حملے رپورٹ ہوئے، جبکہ جولائی میں یہ تعداد 36 تھی، جو ایک ماہ کے دوران تقریباً 50 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

Related posts

پشاور میں شدت پسندوں کی بڑی کارروائی کی کوشش ناکام، ایک شدت پسند اور ایک پولیس کانسٹیبل مارے گئے

کسانوں کا کل کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان

نادرا کی جانب سے شناختی کارڈز بلاک کرنا غیر قانونی قرار، فوری بحالی کا حکم، بلوچستان ہائیکورٹ