واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی ریاست مشی گن سے سینیٹ کے نامزد مسلم امیدوار عبدالسید (Abdul El-Sayed) نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور جمہوری نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے عبدالسید نے کہا کہ پاکستان میں ابتدا ہی سے حقیقی جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا گیا۔ انہوں نے عمران خان کی قید اور سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت صرف اسی صورت قائم ہو سکتی ہے جب ہر شہری اور رہنما کو اپنے نظریات کے اظہار اور رائے دینے کی آزادی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کو جمہوری اور آزاد اسی وقت قرار دیا جا سکتا ہے جب وہاں عوامی فیصلے مقدم ہوں اور سیاسی مخالفت کو دبانے کے بجائے قانون اور آئین کے مطابق مواقع فراہم کیے جائیں۔
