سکردو (پاک ٹوڈے): گلگت بلتستان کے علاقے سکردو کی مدینہ کالونی میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کر دیا۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ رات کی تاریکی میں پیش آیا، جس میں شوہر، ان کی اہلیہ، پانچ سالہ بیٹی اور اڑھائی سالہ بیٹا جان سے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول شوہر کا تعلق سکردو کے علاقے تلو بروق جبکہ مقتولہ کا تعلق ضلع کرم کے علاقے پاراچنار سے تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جوڑے نے تقریباً پانچ سے چھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔ مقتولین کے ورثا کا کہنا ہے کہ خاندان کی کسی سے براہ راست دشمنی نہیں تھی، تاہم انہوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واردات میں مقتولہ کے اہل خانہ ملوث ہو سکتے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اس شبہے سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال کسی مخصوص شخص کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ڈی آئی جی بلتستان آصف مہمند نے بتایا کہ واقعے کی ہر ممکن زاویے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ملزمان کی ممکنہ فرار کی کوشش روکنے کے لیے سکردو کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔