سونے کی قیمتوں میں سنسنی خیز اضافہ: 2 دن میں فی تولہ 10 ہزار روپے سے زائد مہنگا، نیا ریکارڈ قائم

اسلام آباد(پاک ٹو ڈے): ملک بھر میں سونے کی قیمتوں کو پر لگے گئے، جہاں گزشتہ دو روز کے دوران فی تولہ سونا 10 ہزار روپے سے زائد مہنگا ہو چکا ہے۔ مسلسل دوسرے روز بھی قیمتی دھات کے نرخوں میں سنسنی خیز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

​آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، آج صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5,700 روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ اس تازہ ترین تبدیلی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کے نرخ 4 لاکھ 82 ہزار 936 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

​اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 4,972 روپے کے اضافے کے بعد 10 گرام سونا اب 4 لاکھ 14 ہزار 39 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

​معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھی فی تولہ سونا 5,200 روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد محض 48 گھنٹوں کے مختصر دورانیے میں مجموعی طور پر فی تولہ قیمت میں 10,900 روپے سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ صرافہ مارکیٹ میں قیمتوں کے اس طوفان نے عام خریداروں اور جیولری انڈسٹری سے وابستہ افراد کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

Related posts

پٹرول مہنگا، ڈیزل سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری، ریاستی ملکیتی اداروں کی ششماہی رپورٹ جاری

10 سال میں سرکاری قرضوں میں 340 فیصد اضافہ، حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا