ملاکنڈ (پاک ٹوڈے): سوات موٹروے پر ٹنل نمبر 3 کے قریب مسافر فلائنگ کوچ اور ڈمپر کے درمیان دلخراش تصادم کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ٹیمیں اور ایمبولینسز فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے گاڑیوں میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد سوات موٹروے پر آمد و رفت بحال کروا دی گئی ہے۔