راولپنڈی (پاک ٹوڈے): سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور سہ ملکی سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیموں کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے، جبکہ سلیکشن کمیٹی نے مجوزہ کھلاڑیوں کے ناموں پر ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے۔ اگر انہیں کپتانی سونپی گئی تو سلمان علی آغا کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ نہ بننے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی شمولیت بھی مشکل دکھائی دے رہی ہے، جبکہ فخر زمان کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
سلیکٹرز ایشین گیمز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور مجوزہ اسکواڈ کو حتمی شکل ایشین گیمز کے سیمی فائنل کے بعد دی جائے گی۔
دوسری جانب ون ڈے ٹیم میں شاہین شاہ آفریدی اور بابر اعظم کی شمولیت یقینی قرار دی جا رہی ہے۔ ڈومیسٹک سیزن میں کھلاڑیوں کی مصروفیات اور ایشین گیمز کے باعث الگ تربیتی کیمپ بھی نہیں لگایا جائے گا، جبکہ وائٹ بال ٹیموں میں شامل کھلاڑی براہ راست راولپنڈی کے ٹیم ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔
سری لنکن ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر اور تیسرا 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ایک روزہ سیریز ہوگی، جبکہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی ممکنہ عدم شمولیت جبکہ فخر زمان کی واپسی پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اہم تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔
