سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی ویٹو پاور ختم کی جائے، سپین کا مطالبہ

نیویارک (پاک ٹوڈے): اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بنیادی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے پانچ مستقل ارکان کو حاصل ویٹو پاور ختم کرنے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں پیدرو سانچیز نے کہا کہ عالمی اداروں کے ڈھانچے میں ایسی اصلاحات ضروری ہیں جو موجودہ عالمی حقائق کی عکاسی کریں۔ ان کے مطابق سلامتی کونسل میں دنیا کے تمام خطوں کو منصفانہ نمائندگی ملنی چاہیے اور مستقل ارکان کی ویٹو پاور ختم کی جانی چاہیے۔

اسپین کے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے تحت کوئی بھی ملک، چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اپنے ہی مقدمے میں جج نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کثیرالجہتی نظام کو درپیش دباؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن، پائیداری اور مساوی مواقع جیسے بنیادی اصولوں کو ایسے سیاسی کرداروں کے منظم اقدامات کا سامنا ہے جو دنیا کو تاریک ماضی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔

سانچیز نے اسپین کی خارجہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے روس کے خلاف عائد پابندیوں اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر میڈرڈ کی جانب سے عائد پابندی کا ذکر کیا۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسپین کے وزیراعظم نے کہا کہ وہ غزہ میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی جانب سے جاری کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی اداروں کو کمزور کرنے کی ایک منظم کوشش جاری ہے۔ ان کے مطابق پہلے عالمی اداروں کے اصولوں کی خلاف ورزی کی جاتی ہے، پھر ان کے کردار کو محدود کیا جاتا ہے اور آخر میں انہیں غیر مؤثر قرار دے کر نظر انداز کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

پیدرو سانچیز نے رکن ممالک پر زور دیا کہ ان چیلنجز کے باوجود اقوام متحدہ پر اعتماد بحال کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب تک تمام 9 سیکریٹری جنرل مرد رہے ہیں، اس لیے نئی سیکریٹری جنرل کا تعلق لاطینی امریکا سے کسی خاتون کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی ذمہ داری قرار دیا۔

ہجرت کے معاملے پر سانچیز نے کہا کہ اسپین انسانی حقوق کا احترام کرے گا اور تارکین وطن کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کے بجائے انسانی بنیادوں پر مسئلے سے نمٹے گا۔

Related posts

ابراہم لنکن کی طویل تعیناتی، 8 اہلکاروں کی خودکشی کی کوشش کا انکشاف

چینی صدر شی جن پنگ واشنگٹن پہنچ گئے، ٹرمپ کا طیارے کے قریب جا کر استقبال

ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی جنگی جرم ہے، جنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، برنی سینڈرز