راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاک فوج کے دستے دفاعی تعاون کے تحت سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز فوجی دستوں کی روانگی کے حوالے سے الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے، جبکہ حرمین شریفین کے تقدس کا تحفظ بھی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے طے شدہ معاہدوں اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت سعودی عرب کی سرزمین پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ اس تعیناتی سے خطے میں ابھرتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے تناظر میں سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق الوداعی تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اعتماد، بھائی چارے اور اسٹریٹجک تعاون کے مضبوط رشتوں کی عکاس ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اس کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔