سعودی عرب: دہشت گردی اور قتل کے جرم میں پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی

ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے علاقے القصیم میں دہشت گردی کے سنگین جرائم اور ایک غیر ملکی شہری کے قتل میں ملوث پاکستانی شہری سلیمان امجد کی سزائے موت پر منگل کے روز عملدرآمد کر دیا گیا۔

​سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مجرم سلیمان امجد نے دہشت گردانہ نظریات سے متاثر ہو کر ایک غیر ملکی کو جان بوجھ کر قتل کیا تھا۔ سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جس کے بعد اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا اور دورانِ تفتیش مزید افراد کو نشانہ بنانے کے خطرناک منصوبے کا بھی انکشاف ہوا۔

​تفتش کی تکمیل کے بعد معاملہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تمام دلائل اور ثبوتوں کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو تعزیراً سزائے موت سنائی گئی۔ اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی توثیق کے بعد جاری ہونے والے شاہی فرمان پر عملدرآمد کرتے ہوئے سزائے موت دے دی گئی۔

​سعودی وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں اعادہ کیا ہے کہ حکومت مملکت میں امن و امان کے قیام، عدل و انصاف کی فراہمی اور شرعی احکامات پر عملدرآمد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ کسی بھی شخص کو بے گناہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

Related posts

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کیس، وفاقی آئینی عدالت کے اہم سوالات

قلعہ عبداللہ: اغوا کیے گئے 5 پنجابی مزدور قبائلی جرگے کی مداخلت پر بازیاب

افغان ڈاکٹر کی پاکستان میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ جاری رکھنے کی راہ ہموار