سڈنی (پاک ٹوڈے): آسٹریلیا کے سات سابق کرکٹ کپتانوں نے اپنے ملک کی وزیر خارجہ پینی وونگ کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم اور کپتان عمران خان کی مسلسل قید پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’بنیادی انسانیت‘ کا معاملہ قرار دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ ویب سائٹ ‘کرک انفو’ اور آسٹریلوی اخبار ‘سڈنی مارننگ ہیرالڈ’ کی رپورٹس کے مطابق، خط پر دستخط کرنے والوں میں کرکٹ تاریخ کے نامور کپتان ایلن بارڈر، گریگ چیپل، آئن چیپل، بیلنڈا کلارک، کم ہیوز، مارک ٹیلر اور سٹیو واہ شامل ہیں۔
سابق کپتانوں نے اپنے خط میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ وہ کسی سفارتکار یا سیاسی شخصیت کے طور پر نہیں بلکہ کرکٹ برادری اور سابق کپتانوں کی حیثیت سے بولنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ عمران خان کے قانونی یا سیاسی کیس پر کوئی موقف اختیار نہیں کر رہے اور اسے پاکستان کا اندرونی معاملہ سمجھتے ہیں، تاہم ان کی تشویش کا بنیادی محور کسی بھی قیدی کے ساتھ انسانی بنیادوں پر روا رکھا جانے والا سلوک اور ان کی صحت کی نگہداشت ہے۔
دوسری جانب سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ کے ترجمان نے اس خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلوی حکومت باقاعدگی سے پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت میں عمران خان کے کیس کا معاملہ اٹھاتی رہی ہے اور آسٹریلیا کی جانب سے ہمیشہ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کے لیے مناسب طبی نگہداشت اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔