خیبر (پاک ٹوڈے): انصاف ڈاکٹرز فورم خیبرپختونخوا کے صدر ڈاکٹر نبی جان آفریدی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سردار محمد سعد کے اغوا کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے جمرود پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دونوں ڈاکٹروں کی بازیابی کے لیے اتوار تک کی مہلت دے دی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں عبدالرزاق شینواری اور محمد صدیق آفریدی نے کہا کہ ڈاکٹر نبی جان آفریدی اور ڈاکٹر سردار محمد سعد کو گزشتہ روز پشاور سے اغوا کیا گیا، تاہم تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں سے دونوں ڈاکٹروں کی فوری بازیابی اور اغوا میں ملوث عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
رہنماؤں کے مطابق، جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کے لیے اجلاس بھی منعقد ہوا۔ ڈاکٹر برادری کی جانب سے بتایا گیا کہ انصاف ڈاکٹرز فورم کے ایک وفد کی چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ سے ملاقات ہوئی ہے، جبکہ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کی جانب سے آج خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ بھی متوقع ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ حکام کی یقین دہانیوں کے بعد احتجاج کے اگلے مرحلے کو اتوار تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، اگر مقررہ وقت تک دونوں ڈاکٹروں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو پاک افغان شاہراہ کی بندش سمیت سخت احتجاج کیا جائے گا۔