پوتن کے دورے کے موقع پر تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا اعلان

دوشنبے (پاک ٹوڈے): تاجکستان نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے قیام سے متعلق روم معاہدے سے دستبرداری کا باضابطہ نوٹس اقوام متحدہ کو بھجوا دیا ہے۔ یہ نوٹس 20 نومبر کو موصول ہوا، جس روز روسی صدر ولادیمیر پوتن نے تاجکستان کا دورہ کیا تھا۔ معاہدے کی شقوں کے مطابق تاجکستان کی دستبرداری 20 نومبر 2027 سے مؤثر ہوگی۔

روسی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاجکستان نے اقوام متحدہ کو تحریری طور پر اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ روم معاہدے کے آرٹیکل 127 کے تحت کسی رکن ملک کی دستبرداری کا فیصلہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو اطلاع موصول ہونے کے ایک سال بعد نافذ ہوتا ہے۔ اس لیے تاجکستان اس مدت کے دوران معاہدے کا رکن رہے گا اور اس کی ذمہ داریاں بھی برقرار رہیں گی۔

تاجک حکام اس سے قبل عالمی فوجداری عدالت کی سرگرمیوں کو سیاسی رنگ دیے جانے اور عدالتی غیرجانبداری پر سوالات کو اس فیصلے کی وجوہات قرار دے چکے ہیں۔ تاجکستان کی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں نے بھی اکتوبر میں روم معاہدے سے دستبرداری کی قرارداد کی منظوری دی تھی۔

یہ پیش رفت روسی صدر ولادیمیر پوتن کے تاجکستان کے دورے کے ساتھ سامنے آئی ہے۔ عالمی فوجداری عدالت نے مارچ 2023 میں یوکرین سے بچوں کی مبینہ غیرقانونی منتقلی اور ملک بدری کے الزامات پر پوتن کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔ روم معاہدے کا رکن ہونے کی وجہ سے تاجکستان پر عدالت کے وارنٹ پر عمل درآمد اور تعاون کی ذمہ داری عائد ہوتی تھی۔

عالمی فوجداری عدالت نے رواں سال مارچ میں قرار دیا تھا کہ تاجکستان نے 2025 میں پوتن کے دورے کے دوران انہیں گرفتار نہ کرکے عدالت کے ساتھ تعاون کی ذمہ داری پوری نہیں کی تھی۔

یورپی یونین نے تاجکستان کے روم معاہدے سے دستبرداری کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دوشنبے پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ یورپی یونین کے مطابق عالمی فوجداری عدالت بین الاقوامی جرائم کے احتساب اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

عالمی فوجداری عدالت کے رکن ممالک کی اسمبلی کی قیادت نے بھی تاجکستان کے فیصلے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ رکن ممالک کی جانب سے معاہدے سے علیحدگی عالمی سطح پر انصاف اور سنگین جرائم کے احتساب کی کوششوں کو کمزور کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی فوجداری عدالت نسل کشی، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور جارحیت کے جرائم سے متعلق مقدمات کی سماعت کرتی ہے، بالخصوص ایسے معاملات میں جہاں متعلقہ ممالک خود کارروائی کرنے کے قابل یا خواہش مند نہ ہوں۔

Related posts

پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل کا افتتاحی میچ، جنوری میں قومی ٹیموں کی کرکٹ سیریز بھی ہوگی، محسن نقوی

خیبرپختونخوا میں گورنر راج میں توسیع ہوگی، پیپلز پارٹی بھی آن بورڈ ہے، طارق فضل چوہدری

ہم نے ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا، آپ اپنی فکر کریں، رانا ثنا اللہ کا محسن نقوی کو جواب