ہم نے ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا، آپ اپنی فکر کریں، رانا ثنا اللہ کا محسن نقوی کو جواب

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے، محسن نقوی اپنی فکر کریں کہ انہیں کب منہ چھپانے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کریں گے۔ ان کے مطابق محسن نقوی کی کارکردگی پر بطور ساتھی وزیر اور سیاسی کارکن بات کرنا ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ محسن نقوی کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کرتے رہے ہیں، کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے دھمکی دی ہے کہ وہ انہیں منہ چھپانے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، تاہم انہیں خود منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں سے ان جیسے لوگ خاموش نہیں ہوں گے، اگر کسی کے پاس دلیل ہے تو اسے غصے اور دھمکیوں کے بجائے دلیل سے بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملے پر کہا کہ محسن نقوی نے اس معاملے کو الجھا دیا ہے۔ ان کے بقول وزیر داخلہ نے وزیراعظم سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دیے، جس پر انہوں نے اعتراض کیا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آنا چاہیے اور اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات موجود ہیں کہ اس معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ اگر صدر زرداری اور بلاول بھٹو کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا تو چار ماہ تک کیا کیا جاتا رہا؟

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو محسن نقوی کو پہلے ہی اتحادی جماعتوں کے ساتھ زیر بحث لانا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق اس معاملے کو درست طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ریفرنڈم کی مخالفت کر رہی ہے، تاہم ان کے خیال میں پارلیمنٹ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کوئی راستہ نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی جائے تو عوام سے رہنمائی لینے کے نکتے پر اتفاق رائے پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا منصوبہ محسن نقوی آگے لے کر چل رہے ہیں، اس لیے انہیں تمام متعلقہ سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق وزیراعظم نے اس معاملے پر جو مؤقف اختیار کیا ہے، اسی کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا راستہ نکل سکتا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم پارلیمنٹ میں اس معاملے پر اتفاق رائے کے لیے کردار ادا کریں گے۔

Related posts

پوتن کے دورے کے موقع پر تاجکستان کا عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا اعلان

خیبرپختونخوا میں گورنر راج میں توسیع ہوگی، پیپلز پارٹی بھی آن بورڈ ہے، طارق فضل چوہدری

آفتاب عالم کا گورنر خیبرپختونخوا کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس