خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب

پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس دوپہر ایک بجے گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت ہوگا، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس، عسکری حکام اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور موجودہ سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لینے کے ساتھ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت خصوصی سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کونسل آف ایڈوائزرز کے ارکان، چیف سیکرٹری، قبائلی و داخلہ امور کے مشیر، آئی جی پولیس، سینئر پولیس افسران، سی ٹی ڈی حکام اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے بھر میں صورتحال پُرامن اور معمول کے مطابق رہی۔ شرکا نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور دیگر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ اور ان کی کونسل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی معاونت کے لیے دستیاب ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بھرپور قوت اور پختہ عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی، جبکہ صوبے کے عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اجلاس میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مسترد کرتے ہیں۔

Related posts

خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے بعد 15 ارکانِ اسمبلی اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے

آزاد کشمیر: ہجیرہ میں بارودی سرنگ کا دھماکا، چار نوجوان جان سے گئے

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کابینہ کی گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت، گرفتار قیادت کی رہائی کا مطالبہ