لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے ملک میں سول سوسائٹی کی ایک قومی بیداری تحریک تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے واضح کیا کہ نہ وہ اور نہ ہی ان کے ساتھی کوئی نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں۔ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں، تجزیے اور پروپیگنڈا درست نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مجوزہ تحریک میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد، ٹیکنوکریٹس، کاروباری شخصیات، قانون دان، دینی اسکالرز، ریٹائرڈ سول و فوجی افسران اور نمایاں سیاسی و صحافتی شخصیات شامل ہوں گی۔ یہ تحریک سیاسی جماعتوں اور دھڑے بندیوں سے بالاتر ہوگی اور اسے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کرایا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کے مطابق تحریک کا بنیادی مقصد تحقیق، علم، مکالمے اور کامیاب عالمی تجربات کی روشنی میں پاکستان کے سیاسی، انتخابی، انتظامی، عدالتی، تعلیمی اور ادارہ جاتی نظام میں اصلاحات تجویز کرنا ہے تاکہ فرسودہ طرز حکمرانی سے نجات حاصل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نسل نے اپنی ذمہ داریاں ادا کردی ہیں اور اب مستقبل نوجوانوں کا ہے۔ نئی نسل کو ایسا پاکستان ورثے میں دینا ہوگا جو جمہوری، روشن، منصفانہ اور ترقی کرتا ہوا ملک ہو، نہ کہ ایسا معاشرہ جو غیر منصفانہ اور آمرانہ رویوں کی گرفت میں ہو۔
لیگی رہنما نے واضح کیا کہ تحریک میں مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد کے علاوہ غیر سیاسی ماہرین بھی شامل ہوسکیں گے۔ کسی بھی فرد کے لیے اپنی سیاسی وابستگی ختم کرنا ضروری نہیں ہوگا، تاہم تحریک میں حق کی حمایت اور غلط اقدامات کی مخالفت کو بنیادی اصول قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک میں ایسے افراد کی گنجائش نہیں ہوگی جو اقتدار کے خواہش مند، چاپلوس، انتہا پسند، غیر جمہوری یا انتقامی رویوں کے حامل ہوں۔ ان کے مطابق پاکستان کو جدید اسلامی، جمہوری، آئینی، منصفانہ، ترقی پسند، پرامن، متحد اور مستحکم ریاست بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ ملک کے اندرونی تنازعات طاقت کے بجائے مکالمے اور رابطوں کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ تحریک کسی فرد یا سیاسی دھڑے کے بجائے آئین اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کرے گی، جبکہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور ان کے اندر جمہوری طرز عمل کو فروغ دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہوگا۔
انہوں نے سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ، فرسودہ نظام سے نجات اور ریاست کو تمام شہریوں کے لیے فلاحی ریاست بنانے کے لیے متحد ہو اور اپنا کردار ادا کرے۔