رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ فائنل آج، پاکستان شاہینز ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اتریں گے

دوحہ (پاک ٹوڈے): رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں پاکستانی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور فائنل میں کامیابی کے ساتھ ٹائٹل برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

پاکستان شاہینز نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی تھی، جبکہ سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پاکستان کو 233 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حسن نواز نے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور شاہ زیب خان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 110 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ شاہ زیب خان نے بھی 50 رنز بنائے۔

کپتان عبدالصمد نے 44 جبکہ فرحان یوسف نے ناقابل شکست 46 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فرحان یوسف کے مطابق ناک آؤٹ میچ میں دباؤ کو برداشت کرنے اور اہم شراکتیں قائم کرنے کی حکمت عملی نے کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں حسن نواز نے بیٹنگ اور آف اسپن بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ سفیان مقیم، علی رضا اور محمد عمران بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کے اہم کھلاڑی ہیں۔

دوسری جانب سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کے خلاف 318 رنز کا بڑا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جس کے بعد فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ دوحہ میں موسم اور نرم آؤٹ فیلڈ کے باعث بولرز، خصوصاً اسپنرز کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم پاکستانی بولنگ یونٹ نے پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور محنت کی ہے۔

پاکستان شاہینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے گزشتہ 7 ایڈیشنز میں 3 مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن کے ٹی ٹوئنٹی فائنل میں پاکستان نے سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ آج کا فائنل آٹھ ایڈیشنز میں پاکستان شاہینز کی چھٹی فائنل شرکت ہوگی۔

Related posts

مالاکنڈ میں گھریلو تنازع پر دو سگے بھائیوں میں فائرنگ، ایک جاں بحق، دوسرا شدید زخمی

بلوچستان: کوہلو میں کوئلے کی کان کے 11 مزدور اغوا کے بعد قتل، حملہ آور فرار

راولپنڈی میں دعوت پر جانے کے معاملے پر فائرنگ، ایک خاتون جاں بحق، دوسری زخمی