اسلام آباد (پاک ٹوڈے): تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کے واقعے کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوگئی ہیں، جبکہ وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا عندیہ دے دیا ہے۔ حادثے کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت 200 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے تھی، تاہم جنوری 2026 تک اس منصوبے پر 153 ارب 95 کروڑ روپے خرچ کیے جاچکے تھے۔ اس طرح ابتدائی تخمینے کے مقابلے میں اخراجات 71 ارب 59 کروڑ روپے بڑھ گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے میں پیش آنے والے حادثے کے بعد اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ واقعہ تعمیراتی معیار میں خامیوں کے باعث پیش آیا یا اس کی وجہ قدرتی عوامل تھے۔ واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی، جبکہ واقعے کی ابتدائی اسیسمنٹ کے بعد باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔
منصوبے پر تعمیراتی کام اگست 2021 میں شروع کیا گیا تھا اور جنوری 2026 کی رپورٹ میں اس کی تکمیل مئی 2027 مقرر کی گئی تھی۔ منصوبے کے تحت بجلی کی پیداوار میں 1530 میگاواٹ اضافے کے لیے تین یونٹس نصب کیے جانے ہیں۔
تعمیراتی کام میں تاخیر کے باعث سابقہ مشاورتی کمپنی کا معاہدہ جون 2024 میں ختم کردیا گیا تھا، جس کے بعد باقی ماندہ کام کی نگرانی کے لیے نئی مشاورتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔
واپڈا کے مطابق رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے سرنگ میں پانی داخل ہوا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ منصوبے کی اہم تنصیبات بھی محفوظ ہیں۔
ماہرین نے منصوبے کی بڑھتی ہوئی لاگت، تعمیراتی پیش رفت اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کے مطابق حادثے کی تکنیکی وجوہات، تعمیراتی معیار اور ممکنہ مالی نقصانات کا تعین کرنے کے لیے آزادانہ تحقیقات اہم ہیں۔
حادثے کے بعد منصوبے کا پی سی ون تبدیل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اس کی مجموعی لاگت مزید بڑھ سکتی ہے۔ ابتدائی طور پر 82 ارب 36 کروڑ روپے سے منظور ہونے والا منصوبہ اب 200 ارب روپے سے تجاوز کرنے کے خدشے سے دوچار ہے۔
