پشاور (پاک ٹوڈے): پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بنوں کے علاقے کرم گڑھی ممند خیل، تھانہ بنوں کینٹ کی حدود میں سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 شدت پسند مارے گئے۔
حکام کے مطابق شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر اہلکار گرفتاری کے لیے موقع پر پہنچے تو فائرنگ شروع ہو گئی۔ جوابی کارروائی کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 2 شدت پسندوں کی لاشیں ملیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والوں میں ایک کی شناخت محب خان عرف ثمین ولد شیر عبداللہ، سکنہ گریڑہ امام شاہ، ضلع بنوں کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے خلاف سی ٹی ڈی بنوں میں 22 مقدمات درج تھے۔
حکام کے مطابق محب خان عرف ثمین ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سکیورٹی فورسز پر دھماکہ خیز حملوں، اغوا، املاک کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی ناکہ بندیوں سمیت متعدد جرائم میں ملوث تھا۔ دوسرے شدت پسند کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدت پسندی کے خاتمے تک انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن جاری رہیں گے۔