حمید سمسور
کوئٹہ(پاک ٹوڈے) بلوچستان کے ضلع سبی سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 14 سالہ ہندو بچی بندیا کماری 32 دن گزرنے کے باوجود بازیاب نہیں ہو سکی۔
بچی کی عدم بازیابی پر اقلیتی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ اہل خانہ اور اقلیتی نمائندوں نے بچی کی فوری بازیابی اور واقعے میں ملوث ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
والد کی درخواست میں کیا لکھا ہے؟
پولیس کے مطابق سنجے کمار، ساکن رند محلہ، چاکر روڈ سبی، نے 14 اکتوبر کو درخواست دی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات وہ دکان پر کام کر رہے تھے کہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر گھر سے فون آیا اور انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی بندیا کماری لاپتہ ہو گئی ہے۔
بندیا کماری جماعت نہم کی طالبہ ہے اور اس کی عمر 14 سال 6 ماہ ہے۔ والد نے بتایا کہ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی تلاش کی، تاہم بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ یاسر ڈومکی ولد علی نواز ڈومکی، ساکن بخشاپور، اپنے دو ساتھیوں سمیت اسے سفید گاڑی میں لے گیا ہے۔
اہل خانہ کا الزام کیا ہے؟
اہل خانہ اور اقلیتی نمائندوں نے الزام لگایا ہے کہ بندیا کماری کو مبینہ طور پر اغوا کرکے سندھ منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہاں اسے زبردستی مذہب تبدیل کرانے کے بعد کم عمری میں اس کی شادی کرا دی گئی۔
اہل خانہ نے سندھ کے ضلع کشمور کے علاقے بخشاپور میں اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ جا کر مقدمہ درج کرایا ہے۔
مخالف فریق کا دعویٰ کیا ہے؟
دوسری جانب مخالف فریق کا دعویٰ ہے کہ لڑکی اپنی مرضی سے گئی ہے۔
عدالت اور پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی اس معاملے کے اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔
مقدمہ لاڑکانہ میں زیر سماعت ہے
بندیا کماری کا کیس سندھ کے شہر لاڑکانہ میں زیر سماعت ہے۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ 23 نومبر کو لڑکی کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
اسی کیس سے متعلق کارروائی کے دوران پولیس کے ساتھ مزاحمت کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
بلوچستان اسمبلی میں اقلیتی ارکان کا احتجاج
بلوچستان اسمبلی کے اقلیتی ارکان نے بندیا کماری کی بازیابی میں ناکامی پر شدید احتجاج کیا۔
مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر اشوک کمار اور پیپلز پارٹی کے سنجے کمار نے کہا کہ ہندو لڑکی بندیا کماری کو مبینہ طور پر سبی سے اغوا کیا گیا تھا۔
اقلیتی ارکان اس سے قبل بھی بلوچستان اسمبلی میں اس کے مبینہ اغوا اور سندھ منتقل کیے جانے کا معاملہ اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بھی آگاہ کیا تھا کہ لڑکی کو زبردستی اسلام قبول کرایا گیا اور اس کی شادی کر دی گئی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے دونوں قانون سازوں نے لڑکی کے تاحال لاپتہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
احتجاجاً دونوں اقلیتی ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے فرش پر بیٹھ گئے اور نعرے بازی کی۔حکومت کی یقین دہانی
دیگر قانون سازوں کی مداخلت پر دونوں ارکان نے احتجاج ختم کر دیا اور اپنی نشستوں پر واپس چلے گئے۔
صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے ایوان کو یقین دلایا کہ چونکہ اس معاملے کا تعلق دوسرے صوبے سے ہے، اس لیے صوبائی حکومت اسے وزیر اعلیٰ کے سامنے اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بندیا کماری کی جلد بازیابی اور بحفاظت گھر واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔