تہران (پاک ٹوڈے): ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے اور آگ لگنے کے بعد 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والا ایک سپر ٹینکر ڈوب گیا ہے، جبکہ اسی آبی گزرگاہ سے گزرنے والے ایک دوسرے بحری جہاز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کیے گئے پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں غیر مجاز راستے سے گزرنے والے دو تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں شدید دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی۔
بیان میں کہا گیا کہ ان میں سے ایک سپر ٹینکر تھا، جس میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود تھا اور وہ خلیج فارس کے جنوبی پانیوں میں ڈوب گیا۔ تاہم پاسدارانِ انقلاب نے دونوں جہازوں کے نام یا ان کی ملکیت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
برطانوی بحری نگرانی کے ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بھی خلیج میں ایک ٹینکر پر حملے سے متعلق بھارتی بحری حکام کی رپورٹ کا نوٹس لیا ہے۔ ادارے کے مطابق متاثرہ جہاز کے عملے کے ارکان محفوظ ہیں، تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آئیں۔ یہ واضح نہیں کہ یہ واقعہ ایران کے بیان کردہ واقعے ہی سے متعلق ہے یا نہیں۔
آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے اہم ترین سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے اور معمول کے حالات میں دنیا کی مجموعی تیل کی رسد کا تقریباً پانچواں حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔ فروری کے اواخر میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت متاثر ہے۔
ایران کا مؤقف ہے کہ بحری جہاز اس کی جانب سے منظور کردہ راستوں سے گزریں، جبکہ امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے اور آبنائے ہرمز کے مرکزی بحری راستوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔