واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے اہم دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے متوقع ملاقات عالمی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ دورے کے دوران تینوں عالمی رہنماؤں کے درمیان ممکنہ سہ فریقی مذاکرات میں جوہری ہتھیاروں میں تخفیف، عالمی امن، ایران جنگ اور دیگر اہم بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات میں یوکرین جنگ پر بھی بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ہر ماہ تقریباً 25 ہزار فوجی کھو رہا ہے اور یوکرین کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئے گی۔
اس سے قبل امریکی انتظامیہ کے حکام نے بتایا تھا کہ مجوزہ مذاکرات میں جوہری تخفیف اسلحہ اور ایران جنگ پر توجہ دی جائے گی، تاہم یوکرین جنگ کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی مجوزہ ملاقات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں رہنماؤں کو عالمی اثر و رسوخ کی ازسرنو تقسیم کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔ انہوں نے اس حوالے سے 1945 کی یالٹا کانفرنس کا حوالہ بھی دیا۔
کم جونگ اُن سے ملاقات کا امکان
ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن بھی چین کے شہر شینزن میں موجود ہوسکتے ہیں، تاہم ان کے بقول اس حوالے سے فیصلہ چینی صدر شی جن پنگ پر منحصر ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ اپنے پہلے دورِ صدارت میں کم جونگ اُن سے تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں، تاہم وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان بامعنی مذاکرات بحال نہیں ہوسکے۔
امریکا میں داخلی سیاسی دباؤ
ٹرمپ کا ایشیائی دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب انہیں امریکا میں داخلی سیاسی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی جماعت کو نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں میں شکست ہوئی، جبکہ ملک میں فضائی آپریشنز میں خلل اور دیگر انتظامی مسائل پر بھی حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔
ٹرمپ نے فضائی نظام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے حوالے سے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزرا نے عوام کو صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے اچھا کام کیا اور انہیں خود اس معاملے پر سامنے آنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
این ویڈیا اور چینی چپ برآمدات کا معاملہ
دورے کے دوران امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کی چپ برآمدات اور اس کے سربراہ جینسن ہوانگ سے متعلق معاملات بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
ٹرمپ نے این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا جس سے ظاہر ہو کہ ہوانگ سے تعلق رکھنے والی خاتون چینی حکومت کی جاسوس ہے۔ انہوں نے ہوانگ کی دوبارہ کمپنی کا سربراہ بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
امریکی انتظامیہ میں چین کو این ویڈیا کی چپس کی برآمدات پر پابندیوں میں تاخیر کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔ ٹرمپ نے بھی اعتراف کیا کہ وزارت خزانہ اور وزارت تجارت کے درمیان اس معاملے پر تناؤ موجود ہے۔
تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدہ متوقع
ٹرمپ کے دورے کا آغاز منیلا سے ہوگا، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔
بعد ازاں امریکی صدر چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے مجوزہ سہ فریقی مذاکرات کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین عالمی امن کے تحفظ اور استحکام کے فروغ کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کا خواہاں ہے۔
ادھر کریملن کے خارجہ امور کے مشیر یوری اوشاکوف نے بھی اشارہ دیا ہے کہ شینزن اجلاس کے موقع پر ٹرمپ اور پوتن کی علیحدہ ملاقات کا انتظام کیا جارہا ہے۔