اسلام الدین ساجد
اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے اسلام آباد میں ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے علاقائی اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ روابط اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود نے شرکت کی۔
اسلام آباد اعلامیے میں پاکستان کی 2026-2027 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی حمایت کی گئی۔
اعلامیے میں پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ بحران کے دوران کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا۔
رکن ممالک نے اسلام آباد امن مذاکرات، ان کے نتیجے میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) اور سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں بعد از معاہدہ مذاکرات میں پاکستان کی شرکت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
مشترکہ اعلامیے میں قطر کے سفارتی اور ثالثی کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا گیا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قوانین کا احترام اور باہمی اعتماد ضروری ہیں۔
ای سی او 2035 کے نئے اقتصادی اہداف منظور
اسلام آباد اجلاس کی اہم پیش رفت میں اقتصادی تعاون کے لیے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری شامل ہے، جو ای سی او کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی انضمام، رابطوں، اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق نئے اہداف ای سی او وژن 2025 کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ رکن ممالک نے آئندہ 18ویں ای سی او سربراہی اجلاس میں تہران کے ذریعے ان اہداف پر مزید رہنمائی حاصل کرنے کی توقع ظاہر کی۔
ممالک نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، علاقائی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور عالمی تجارتی نظام میں خطے کی شرکت بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اعلامیے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو روزگار، جدت اور اقتصادی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے انہیں مالی وسائل، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی کاروباری روابط تک بہتر رسائی دینے کی حمایت کی گئی۔
ٹرانسپورٹ اور ڈیجیٹل روابط مضبوط بنانے پر اتفاق
ای سی او ممالک نے 2026 سے 2035 کے لیے پائیدار اور لچکدار ٹرانسپورٹ حکمت عملی اور 2026 سے 2030 کے لیے علاقائی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) حکمت عملی کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیے میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے والے تجارتی راستوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
رکن ممالک نے کسٹمز نظام میں بہتری، سرحدی سہولتوں، ٹرانزٹ تجارت اور مشترکہ تجارتی زونز کے قیام کے ذریعے علاقائی تجارت بڑھانے پر زور دیا۔
مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، فائیو جی، بلاک چین اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو بھی اقتصادی ترقی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔
افغانستان کی تنظیم میں شمولیت سے متعلق اہم نکتہ
اسلام آباد اعلامیے میں افغانستان کے حوالے سے بھی ایک اہم پیراگراف شامل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے پیراگراف 37 میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے تنظیم کے ساتھ روابط اور مختلف شعبوں میں شرکت سے متعلق معاملات پر رکن ممالک کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت ہے، تاکہ حالات سازگار ہونے پر افغانستان کی مکمل اور مؤثر شرکت ممکن بنائی جا سکے۔
یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغان حکومت کے درمیان سکیورٹی اور سرحد پار تشدد کے واقعات کے معاملات پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں روکنے کے لیے افغان حکام کو مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں، جبکہ افغان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
اعلامیے میں افغانستان کی ای سی او رکنیت ختم کرنے یا معطل کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا، بلکہ تنظیم میں اس کی مکمل شرکت کے لیے حالات سازگار بنانے اور مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
غزہ کی صورت حال پر تشویش
ای سی او ممالک نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں 6 نومبر کو دیر البلح اور اس کے گردونواح میں سیلابی صورت حال اور موسم سرما کی آمد کے تناظر میں خوراک، ادویات، ایندھن، خیموں، کمبلوں، گرم کپڑوں اور دیگر ضروری امدادی سامان کی فوری فراہمی پر زور دیا گیا۔
رکن ممالک نے جبری بے دخلی کی پالیسیوں اور شہری آبادی کو خوراک سے محروم رکھنے کے اقدامات کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اکتوبر 2025 کے غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
پانی، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی بھی ایجنڈے میں شامل
اعلامیے میں موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت، گلیشیئرز کے پگھلاؤ، زمین کی بنجر ہوتی ہوئی صورت حال اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون کو ضروری قرار دیا گیا۔
کرغزستان کی جانب سے جھیل ایسک کول کے تحفظ کے لیے مشترکہ ٹرسٹ فنڈ کے ممکنہ قیام کی تجویز کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ قازقستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے تحت بین الاقوامی آبی تنظیم کے قیام کی تجویز کو بھی نوٹ کیا گیا۔
رکن ممالک نے توانائی کے تحفظ، قابلِ تجدید توانائی، زرعی ترقی، خوراک کی سلامتی اور پانی کے پائیدار استعمال کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد اجلاس کے اختتام پر پاکستان نے 2026-2027 کے دوران ای سی او کی قیادت کرتے ہوئے علاقائی تجارت، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور سفارتی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔