باب خیبر پر چوتھے روز بھی احتجاج جاری، پولیو سیکیورٹی بائیکاٹ اور دفاتر کی تالا بندی کی انتباہ

جمرود/خیبر (پاک ٹوڈے): قبائلی اضلاع کی پولیس کا حقوق اور مطالبات کی منظوری کے لیے تاریخی مقام باب خیبر پر احتجاجی دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا۔ آل فاٹا پولیس کے چیئرمین سید جلال وزیر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

سید جلال وزیر کا کہنا تھا کہ کور ہیڈ کوارٹرز (الیون کور) کی ایپکس کمیٹی میں طے پانے والے 22 نکاتی معاہدے پر حکومت عملدرآمد سے مسلسل گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے اپنے علاقے میں پولیس فورس سراپا احتجاج ہے لیکن حکومت کی جانب سے اب تک کوئی سنجیدہ رابطہ نہیں کیا گیا۔

آل فاٹا پولیس کی جانب سے صوبائی انتظامیہ کو 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت تمام ضم اضلاع میں پولیو مہم کی سیکیورٹی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور پولیس اہلکار سرکاری یونیفارم اتار کر سابقہ خاصہ دار فورس کا روایتی لباس زیب تن کریں گے۔ مزید برآں، مطالبات حل نہ ہونے کی صورت میں تمام ضم اضلاع کے ڈی پی او (DPO) دفاتر کو تالے لگا کر کام مکمل طور پر معطل کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

Related posts

بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، فیصلے عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں گے، سہیل آفریدی

پشاور میں سیکیورٹی الرٹ، اضافی نفری طلب، محسن نقوی کو اہم بریفنگ

صدر اور وزیراعظم اگر گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا