لاہور (پاک ٹوڈے): پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال بولنگ کوچ ایشلے نوفکی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشلے نوفکی نے اپنے اس فیصلے اور بورڈ سے الگ ہونے سے متعلق پی سی بی کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایشین گیمز 2026 پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کی آخری اسائنمنٹ ہوگی، جس کے اختتام پر وہ قومی ٹیم کے ساتھ اپنی کوچنگ کی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر سبکدوش ہو جائیں گے۔
ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ایشلے نوفکی اور نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پا چکے ہیں اور انہیں نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ وائٹ بال کرکٹ میں نیدرلینڈز ٹیم کو ڈائریکشن دیں گے۔ ان کے اور نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کے درمیان دو برس کا معاہدہ طے پایا ہے۔
دوسری جانب، ایشلے نوفکی کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی مینز ٹیم کے لیے نئے بولنگ کوچ کی تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پی سی بی نے اس اہم عہدے کے لیے باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دلچسپی رکھنے والے امیدوار 8 اکتوبر تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔