کوازولو نٹال (پاک ٹوڈے): جنوبی افریقہ کے صوبہ کوازولو نٹال میں رہائشی گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 11 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
مقامی میڈیا اور پولیس کے مطابق ڈربن کے جنوب میں واقع کواماخوتھا ٹاؤن شپ کے علاقے زیکو میں گھر کے اندر 14 افراد پارٹی میں موجود تھے کہ 3 نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کے مطابق 10 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھیں۔
حملہ آور فرار ہونے سے قبل گھر کے مالک کی گاڑی کو آگ لگا گئے۔ پولیس نے واقعے کے محرک کا تعین کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات اور تلاش کا آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں بعض متاثرین کے مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں سے تعلق کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ حریف گروہوں کے درمیان تنازع بھی ممکنہ محرکات میں شامل ہے۔