تہران (پاک ٹوڈے): ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی فضائی کمپنیوں کو پروازوں اور ایئرپورٹ سہولیات سے محروم رکھا گیا تو اس کے اثرات پورے خطے کی فضائی نقل و حرکت پر پڑ سکتے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینئر مشیر محمد مخبر نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ایرانی پروازیں بند کی گئیں تو خطے میں کسی دوسرے ملک کے لیے بھی طیارے اڑانا ممکن نہیں رہے گا۔
محمد مخبر نے کہا کہ اگر ایران کو پروازوں اور ایئرپورٹ سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک بھی فضائی آپریشن کے لیے محفوظ نہیں رہیں گے۔ ان کے بقول خطے میں پروازیں یا تو سب کے لیے کھلی ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔
ایرانی مشیر نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کے رویے کو ایرانی عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں فضائی سفر کے حوالے سے کسی بھی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
محمد مخبر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی اور فضائی پابندیوں کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایران کے اس سخت مؤقف کے بعد علاقائی فضائی ٹریفک اور بین الاقوامی پروازوں کے مستقبل سے متعلق بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
