نیویارک (پاک ٹوڈے): امریکہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے۔
امریکی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی وفد کے اہم ارکان کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے میزبان ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کے تحت ایرانی وفد کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ایرانی وفد کے ارکان پر نیویارک میں آمد و رفت سے متعلق پابندیاں عائد رہیں گی، جبکہ انہیں قیمتی اشیا سمیت بعض دیگر چیزوں کی خریداری کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے آنے والا ایرانی وفد گزشتہ سال کے مقابلے میں نسبتاً چھوٹا ہوگا۔
ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ ساتویں ماہ میں داخل ہو چکی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے مختلف اوقات میں سفارتی رابطے اور بات چیت بھی ہوتی رہی ہے۔