کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7 ڈی میں خاتون اور ان کے تین بچوں کے قتل کا مرکزی ملزم محمد ہمایوں خان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کے مطابق ہمایوں خان مقتولہ مہوش کا قریبی رشتہ دار تھا اور مقتولہ کے نند کا شوہر تھا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزم 14 ستمبر کو اس وقت گھر میں داخل ہوا جب مقتولہ کا شوہر محمد دانش گھر میں موجود نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کی، مزاحمت پر لوہے کی راڈ سے حملہ کرکے انہیں اور ان کی 2 سالہ بیٹی اشمیرا کو قتل کردیا۔ اسی دوران مدرسے سے واپس آنے والے مقتولہ کے 8 سالہ بیٹے مرہاد اور 6 سالہ بیٹے حسنین کو بھی مبینہ طور پر واقعے کا علم ہونے کے خدشے کے باعث لوہے کی راڈ کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی راڈ نالے میں پھینک دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو آلۂ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جایا گیا تھا کہ اس نے اچانک ایک پولیس اہلکار سے پستول چھین لیا اور فرار ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوئے، جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ہمایوں خان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم سے چھینا گیا پستول اور قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی راڈ بھی برآمد کرلی۔