اورکزئی (پاک ٹوڈے): ضلع اورکزئی کے علاقے مشتی میں گورنمنٹ ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد اقبال آفریدی کے مبینہ اغوا کے خلاف اساتذہ اور طلبہ کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے مغوی ہیڈ ماسٹر کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو پورے ضلع میں اسکولوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق محمد اقبال آفریدی کو جمعرات کی رات تقریباً 10 بجے نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔ واقعے کے خلاف اساتذہ اور طلبہ نے آج صبح احتجاج شروع کیا اور گورنمنٹ ہائی اسکول مشتی بازار سے مشتی میلہ بازار تک احتجاجی ریلی نکالی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مغوی ہیڈ ماسٹر کو جلد از جلد بازیاب کرا کے بحفاظت ان کے اہل خانہ تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پورے ضلع کے اسکولوں میں بائیکاٹ کیا جا سکتا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔ مشتی میلہ کے ایس ایچ او خواجہ حسین کے مطابق مغوی ہیڈ ماسٹر کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ مقدمے میں مختلف قانونی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔