اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کے معیار سے متعلق شکایات پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) متحرک ہوگئی ہے۔ اتھارٹی نے موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 30 ستمبر سے 7 اکتوبر 2026 تک مختلف شہروں میں فیلڈ مانیٹرنگ سروے کیا، جس کے دوران ایک ہفتے میں 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق سروے کے دوران مختلف موبائل آپریٹرز کی سائٹس پر نیٹ ورک کی کارکردگی، کال اور انٹرنیٹ سروسز کے معیار اور صارفین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران لاہور میں سب سے زیادہ 39 ٹیلی کام سائٹس کی جانچ کی گئی، جبکہ کراچی میں 17 اور سکھر میں 16 سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔ اسی طرح ملتان اور راولپنڈی میں 14، 14، کوئٹہ میں 8، ایبٹ آباد میں 4 اور گلگت میں 3 ٹیلی کام سائٹس کا جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی اے کی ٹیموں نے فیلڈ مانیٹرنگ کے دوران موبائل نیٹ ورک کی کوریج، کالز ملنے میں دشواری، دورانِ گفتگو کال منقطع ہونے اور موبائل انٹرنیٹ کی سست رفتار جیسے مسائل کی موقع پر جانچ کی۔ اس کے علاوہ بجلی کی بندش کی صورت میں موبائل سائٹس کے متبادل انتظامات اور سروسز کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اتھارٹی کے مطابق صارفین کی شکایات کی روشنی میں موبائل سروسز کے معیار کو متاثر کرنے والے عوامل کی نشاندہی کی گئی۔ معائنے کے دوران بعض موبائل سائٹس اور ٹاورز میں تکنیکی خامیاں سامنے آئیں، جنہیں دور کرنے کے لیے متعلقہ موبائل آپریٹرز کو اصلاحی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ موبائل سروسز سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مقامی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور متعلقہ کمیونٹی کے ساتھ بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق جن علاقوں میں ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا، وہاں سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے، جبکہ موبائل آپریٹرز کی کارکردگی کی نگرانی بھی جاری ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل سروسز کے معیار اور دستیابی میں مزید بہتری لانے کے لیے ٹیلی کام آپریٹرز کی کارکردگی مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد موبائل و انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنا اور نیٹ ورک سے متعلق شکایات کا مؤثر ازالہ یقینی بنانا ہے۔