مائیکروسافٹ کی عالمی سروسز میں 24 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا خلل دور، آؤٹ لک اور ٹیمز بحال

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی کی مختلف آن لائن سروسز میں پیدا ہونے والی عالمی تکنیکی خرابی دور کر دی گئی ہے اور نظام معمول کے مطابق کام کرنے لگا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ خلل جمعرات کو آؤٹ لک اور مائیکروسافٹ ٹیمز تک رسائی متاثر ہونے سے شروع ہوا اور 24 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ کمپنی نے خرابی کی وجہ نیٹ ورک کی گنجائش بڑھانے کے عمل کے دوران پیش آنے والے تکنیکی مسئلے کو قرار دیا ہے۔

مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹو نائب صدر چارلس لامانا نے جمعرات کی شب بتایا تھا کہ اس واقعے میں کسی تخریبی سرگرمی یا سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔

رپورٹ کے مطابق خرابی کے عروج پر امریکا میں آؤٹ لک سروس سے متعلق مسائل کی 1 لاکھ 38 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جبکہ دنیا کے 70 سے زائد ممالک اور خطوں میں بھی صارفین نے ایسی ہی مشکلات کی اطلاع دی۔

مائیکروسافٹ 365 کے دنیا بھر میں 45 کروڑ سے زائد صارفین ہیں، تاہم کمپنی نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ حالیہ تکنیکی خرابی سے کتنے افراد اور ادارے متاثر ہوئے۔

اس بڑے پیمانے کے تعطل نے ایک بار پھر آن لائن نظاموں اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سرورز پر اداروں اور حکومتوں کے بڑھتے ہوئے انحصار سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا ہے۔

Related posts

غزہ میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی حملے کی 18 عرب و اسلامی ممالک کی مذمت

افغان وزیر خزانہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایران روانہ

لبنانی فوج کی بیروت کے مضافات میں کارروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود قبضے میں لے لیا