ریاض (پاک ٹوڈے): پاکستان سمیت 18 عرب اور اسلامی ممالک نے غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل سے جنگ بندی کی پابندی اور شہریوں سمیت طبی مراکز کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان، مصر، اردن، سوڈان، لیبیا، فلسطین، جبوتی، صومالیہ، الجزائر، لبنان، موریطانیہ، ترکیہ، پاکستان اور انڈونیشیا کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ناصر میڈیکل کمپلیکس پر حملے میں مریض اور طبی عملے کے افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ بیان میں اس کارروائی کو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا، جو طبی مراکز اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
مشترکہ بیان میں فلسطینی شہریوں، خیموں اور بے گھر افراد کے لیے قائم پناہ گاہوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔ وزرائے خارجہ کے مطابق ایسی کارروائیاں جنگ بندی معاہدے اور غزہ میں امن و استحکام کی کوششوں کو متاثر کرتی ہیں۔
بیان میں غزہ میں انسانی امداد، خیموں، عارضی رہائش گاہوں اور طبی سامان کی ترسیل پر عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی وہاں انسانی صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔ مناسب پناہ گاہوں، صاف پانی، نکاسی آب اور صحت کی سہولتوں کی کمی سے بالخصوص بچوں اور شیرخواروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔
18 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ انسانی امداد کی فراہمی میں اضافے سے متعلق عالمی برادری اور امن کونسل کی اپیلوں کا مثبت جواب دے اور شرم الشیخ معاہدے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل جنگ بندی پر عمل کرے، شہریوں اور طبی تنصیبات کو تحفظ فراہم کرے اور انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ ترسیل یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو غزہ میں آزادانہ طور پر کام کرنے کی اجازت دینے پر بھی زور دیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے امریکہ اور امن کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل سے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور امدادی سامان کی ترسیل پر عائد پابندیاں ختم کرانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔
بیان کے اختتام پر وزرائے خارجہ نے جنگ بندی کو مستحکم کرنے، معاہدے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی خاطر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔