نیویارک (پاک ٹوڈے): امریکی ریاست نیو جرسی میں ریل آپریٹر "ایمٹریک” کے ترقیاتی کام کے دوران بڑی غفلت کے نتیجے میں اہم فائبر آپٹک کیبل کٹنے سے ملک کا فضائی نظام شدید بحران کا شکار ہو گیا۔ ائیر ٹریفک کنٹرول سینٹر کی کیبل متاثر ہونے کے باعث نیویارک اور گردونواح کے اہم ائیرپورٹس پر پروازوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی، جس سے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، زمینی کھدائی کے دوران فائبر آپٹک کیبل کٹنے سے خطے کا ٹیلی کمیونیکیشن سرکٹ ناکارہ ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں فلاڈیلفیا ائیر ٹریفک کنٹرول کی ریڈیو فریکوئنسیز شدید متاثر ہوئیں، جس پر انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر نیویارک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ائیرپورٹس پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کر دیے۔
اس فنی خرابی سے امریکا کے آٹھ اہم ائیرپورٹس کا فلائٹ آپریشن درہم برہم ہو گیا۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق:
ڈیلس ائیرپورٹ: 2,500 پروازیں متاثر
بوسٹن ائیرپورٹ: 1,399 پروازیں متاثر
نیویارک ائیرپورٹ: 1,321 پروازیں متاثر
فلاڈیلفیا ائیرپورٹ: 1,218 پروازیں متاثر
سان ڈیاگو ائیرپورٹ: 800 پروازیں متاثر
واشنگٹن ائیرپورٹ: 773 پروازیں متاثر
ویسٹ پام بیچ ائیرپورٹ: 230 پروازیں متاثر
رپورٹس کے مطابق ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ سینکڑوں پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ فلائٹس میں تاخیر کا اوسط دورانیہ 170 منٹ (تقریباً پونے تین گھنٹے) تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ فضائی بحران ایک ایسے حساس وقت میں پیدا ہوا ہے جب نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سالانہ اجلاس کی وجہ سے دنیا بھر کے بین الاقوامی مندوبین، سربراہان اور سفارت کاروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس اچانک انقطاع کے باعث ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور فضائی نیویگیشن سسٹم پر بے پناہ دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ترقیاتی ٹیمیں کیبل کی مرمت اور نیویگیشن سروسز کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں، تا ہم مکمل آپریشنل بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے۔
