دبئی (پاک ٹوڈے): دبئی سے اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز میں کپتان پر چاقو سے حملہ کرنے والے شریک پائلٹ کے ماضی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شریک پائلٹ نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی تھی، جبکہ 3 سال قبل اس کے قبضے سے اسرائیلی طیاروں کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئی تھیں۔ ملزم کے پاس القاعدہ کا پروپیگنڈا مواد بھی موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واقعے کے دوران کپتان پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ عبادت کے لیے جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ کپتان کے مطابق پہلے انہیں لگا کہ طیارے کو کوئی حادثہ پیش آیا ہے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ شریک پائلٹ نے ان پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو شریک پائلٹ نے مزاحمت کی، تاہم دروازہ کھلنے کے بعد مسافروں نے ملزم کو قابو کرلیا۔
واقعے کے دوران طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش بھی کی گئی۔ پرواز میں 174 مسافر سوار تھے، جن میں 169 اسرائیلی شہری شامل تھے۔ مسافروں کی بروقت مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پالیا گیا، جبکہ ایئرلائن کے دیگر آف ڈیوٹی پائلٹس نے طیارے کا کنٹرول سنبھال کر اسے سعودی عرب میں بحفاظت اتار لیا۔