ماسکو (پاک ٹوڈے): افغان وزیر خارجہ نے روسی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، علاقائی سلامتی، منشیات کے خلاف اقدامات اور سکیورٹی تعاون سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران سکیورٹی تعاون اور باقاعدہ مشاورت کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ افغان وزیر خارجہ نے افغانستان اور روس کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ کو بھی اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان علاقائی سلامتی اور منشیات کی روک تھام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ علاقائی ممالک کے ساتھ براہ راست رابطوں اور عملی تعاون کے ذریعے تعلقات مزید مستحکم کرنے کی حمایت بھی کی گئی۔
روسی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو نے سکیورٹی اور منشیات کی روک تھام کے شعبوں میں افغانستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور روس کے تعلقات مختلف شعبوں میں وسعت اختیار کر رہے ہیں۔
سرگئی شوئیگو نے یقین دہانی کرائی کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت اور عملی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔