خوست (پاک ٹوڈے): افغان وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ افغان حکومت ملک بھر میں تقریباً 4 لاکھ یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور کفالت کر رہی ہے۔
خوست میں ایک یتیم خانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان بچوں میں تقریباً 95 ہزار ایسے یتیم شامل ہیں جن کے والدین امارت اسلامی کے ارکان تھے، جبکہ 79 ہزار سابق حکومت سے وابستہ افراد کے بچے اور 2 لاکھ 20 ہزار عام شہریوں کے یتیم بچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت ہر یتیم بچے کی سرپرست ہے اور ان کی تعلیم و تربیت کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
افغان وزیر داخلہ نے یتیم بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں معیاری تعلیم اور اچھی تربیت فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔