کراچی (پاک ٹوڈے): طلبہ کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سخت احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وزیر تعلیم سردار شاہ کی ہدایت پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول وینز میں سی این جی، ایل پی جی سلنڈرز اور بوتلوں میں پیٹرول رکھنے یا استعمال کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ وینز میں مقررہ گنجائش سے زائد طلبہ بٹھانے اور فٹ بورڈ پر سفر کرانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں تمام اسکول وینز کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔