برسلز (پاک ٹوڈے): یورپی یونین نے مقبوضہ بیت المقدس کے قریب اسرائیلی رہائشی منصوبے ‘ای ون’ کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے تل ابیب انتظامیہ سے اس کے تعمیرا تی احکامات فوری طور پر منسوخ کرنے کا کہا ہے۔
یورپی حکام نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی اراضی پر نئی یہودی بستیوں کی تعمیر بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف مغربی کنارا جغرافیائی طور پر دو حصوں میں بٹ جائے گا بلکہ مشرقی یروشلم کی ناکہ بندی سے مستقبل میں خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی تمام امیدیں بھی دم توڑ جائیں گی۔
یورپی یونین نے اسرائیلی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں پر حملہ آور ہونے والے شدت پسند آباد کاروں کو نکیل ڈالیں اور غیر قانونی بستیوں کے تمام تر منصوبے فوری روکیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل برطانیہ اور فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک بھی اس ٹینڈر پر اسرائیل سے شدید احتجاج ریکارڈ کرا چکے ہیں۔