کابل (پاک ٹوڈے): روس اور افغانستان کے درمیان روسی مصنوعات کی افغانستان کو برآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر تک کے معاہدوں پر اتفاق ہوگیا ہے۔ یہ پیش رفت کابل میں منعقدہ روس، افغانستان تجارتی اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق روسی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں افغانستان کے ساتھ تعاون سے متعلق بزنس کونسل کے سربراہ دمتری انتونوف نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان روسی اشیا کی افغانستان کو فراہمی کے لیے معاہدے طے پائے ہیں، جن کی مالیت 20 کروڑ ڈالر تک ہوسکتی ہے۔
دمتری انتونوف نے افغانستان اور یوریشین اکنامک کمیشن کے درمیان تکنیکی ضوابط اور مصنوعات کے معیار سے متعلق رابطے قائم کرنے کی تجویز کی بھی حمایت کی۔ ان کے مطابق اس رابطے سے دونوں ملکوں کے تاجروں کو باہمی تجارت کے دوران درپیش عملی مسائل پر بات چیت کا موقع ملے گا۔
اس سے قبل روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے 12 نومبر کو کابل کے دورے کے دوران روسی کمپنیوں اور افغان فریق کے درمیان اناج، آٹے، ادویات اور بجلی کے آلات کی فراہمی سے متعلق معاہدوں کی اطلاع دی تھی۔
افغان حکومتی اداروں کے مطابق اسی دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان 15 مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے تھے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر بتائی گئی۔ ان یادداشتوں میں افغانستان کو روس سے ادویات، گندم، آٹا اور خوردنی تیل کی فراہمی جبکہ افغانستان سے روس کو تازہ پھلوں، بالخصوص انار کی برآمد شامل ہے۔
اوورچک نے اپنے دورے کے دوران بتایا تھا کہ 2026 کے پہلے آٹھ ماہ میں روس اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 34 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ ہے۔