انقرہ (پاک ٹوڈے): ترکیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حادثہ منگل کی شام مغربی ترکیہ کے صوبے ایسکی شہر میں پیش آیا۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق فضائیہ کا اے ایس 532 کوگر (AS-532 Cougar) ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے لیے ایسکی شہر سے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کرلیا گیا۔
وزارتِ دفاع نے بعد ازاں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔
حادثہ ایسکی شہر کے قریب یوروک اکچایر (Yörükakçayır) علاقے میں پیش آیا، جو شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ترکیہ کی مسلح افواج کو رواں ماہ ہیلی کاپٹر کے دوسرے مہلک حادثے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس سے قبل 12 نومبر کو جنوبی ترکیہ کے صوبے ملاتیا میں فوج کا ایک ایس 70 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔