واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی فوج کے سابق افسر نڈال حسن نے 2009 میں ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہڈ میں 13 افراد کے قتل کے جرم میں سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد رکوانے کے لیے وفاقی عدالت سے درخواست کردی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نڈال حسن کی پھانسی 3 دسمبر کو مقرر ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال اکتوبر میں ان کی سزائے موت کی منظوری دی تھی۔ حسن نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کی قانونی درخواست پر فیصلہ ہونے تک پھانسی روک دی جائے۔
حسن کا مؤقف ہے کہ ان کے فوجی مقدمے کے دوران جج نے انہیں یہ دفاع پیش کرنے کی اجازت نہیں دی کہ وہ افغانستان میں امریکی فوج کے خلاف طالبان کے دفاع کے لیے کارروائی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح انہیں امریکی آئین میں دیے گئے قانونی حقوق سے محروم کیا گیا۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ پھانسی کی تاریخ مقرر کرنے کے عمل میں فوجی ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی۔ حسن نے اس معاملے میں خود عدالت میں اپنا دفاع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
نڈال حسن سابق امریکی فوجی ماہرِ نفسیات تھے۔ انہوں نے نومبر 2009 میں فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کرکے 13 افراد کو قتل اور متعدد کو زخمی کیا تھا۔ فوجی عدالت نے 2013 میں انہیں قتل کے جرائم میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔
امریکی فوجی حکام نے پہلے پھانسی کی کارروائی براہِ راست نشر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم شدید ردعمل کے بعد یہ منصوبہ واپس لے لیا گیا۔ عدالت نے سزائے موت روکنے کی درخواست پر سماعت مقرر کردی ہے۔