کراچی میں بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 3 ملزمان گرفتار، اسلام آباد سے چوری شدہ گاڑی برآمد

کراچی (پاک ٹوڈے): کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 3 مبینہ کارندوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلام آباد سے چوری کی گئی گاڑی، 34 قیمتی موبائل فونز اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق عزیز بھٹی پارک کے قریب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد تینوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت نقیب اللہ، محمد سلیم اور علی رضا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والی گاڑی اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد ایک بدنام زمانہ بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے سرگرم کارندے ہیں، جو مختلف شہروں میں گاڑیاں چوری کرنے سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ گروہ مختلف شہروں میں کار چوری کی وارداتوں کے حوالے سے مطلوب تھا، جبکہ اس کے بعض ساتھی پنجاب میں پولیس مقابلوں کے دوران مارے جا چکے ہیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے منتقل کردیا ہے، جہاں گروہ کے دیگر ارکان اور مختلف وارداتوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

Related posts

لاہور میں تین افراد کے قتل کا ملزم زہریلی گولیاں کھانے کے بعد دم توڑ گیا

خوف اور دباؤ سے ملک نہیں چلے گا، 9 مئی کا بیانیہ جھوٹا ہے، اسد قیصر

پاکستان شاہینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے