لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں دو بہنوں سمیت تین افراد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم اوکاڑہ میں زہریلی گولیاں کھانے کے بعد دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جاوید واردات کے بعد فرار ہوکر اوکاڑہ کے علاقے گوگیرہ میں روپوش ہوگیا تھا۔ لاہور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے وہاں پہنچی، تاہم ملزم ہاتھ نہ آسکا۔ بعدازاں ملزم عبدالستار کالونی گوگیرہ میں زہریلی گولیاں کھانے کے بعد خود تھانے پہنچ گیا اور پولیس کو بتایا کہ اس نے لاہور میں فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کیا ہے۔
پولیس نے ملزم کی تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی۔
پولیس کے مطابق ملزم جاوید تین روز قبل اپنے بھائی سرور کے ہمراہ لاہور میں اپنے چچا ظہور احمد کے گھر گیا تھا۔ اس دوران اس نے چچا سے ادھار رقم کا مطالبہ کیا، جس پر ظہور احمد دونوں بھتیجوں کو اپنے گھر گارڈن ٹاؤن لے آئے۔ وہاں اچانک جاوید نے اپنے کزنز لائبہ، آسیہ اور عرفان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ ظہور احمد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم نے تقریباً ایک سال قبل ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم انکار پر وہ ناراض تھا۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔