کیپ ٹاؤن (پاک ٹوڈے): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور کرکٹ ساؤتھ افریقا نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا ہے، میگا ایونٹ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک سے ہوگا جبکہ فائنل 21 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز تینوں ممالک کے 12 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں جنوبی افریقا کے 8، زمبابوے کے 3 اور نمیبیا کا ایک اسٹیڈیم شامل ہے۔
میزبان ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقا اور زمبابوے نے براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، جبکہ 30 ستمبر کی آئی سی سی رینکنگ کٹ آف کے تحت پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان نے بھی براہ راست جگہ بنالی ہے۔
ورلڈ کپ کی باقی 4 ٹیموں کا فیصلہ فروری اور مارچ 2027 میں ہونے والے کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے ہوگا۔ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ شائقین کے لیے ٹکٹوں کی پیشگی رجسٹریشن اور قرعہ اندازی کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔
ورلڈ کپ کی 14 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ آسٹریلیا، افغانستان، میزبان زمبابوے اور کوالیفائنگ مرحلے سے آنے والی ایک ٹیم شامل ہوگی۔
گروپ بی میں میزبان جنوبی افریقا کے ساتھ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلادیش اور کوالیفائنگ مرحلے سے آنے والی ایک ٹیم شامل ہوگی۔
ابتدائی گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں اگلے مرحلے میں سپر 7 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
