آئی ایس پی آر کا قلات آپریشن کا دعویٰ: 5 افراد ہلاک، 23 برآمد؛ آزاد ذرائع سے تصدیق نہ ہو سکی۔

اسلام آباد(پاک ٹوڈے): پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب این-25 کراچی-چمن ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کی ایک کارروائی کے نتیجے میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 23 اغوا شدہ افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

​آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق، 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی رات مسلح افراد نے لوگوں کی آمد و رفت روکنے، جبری وصولی اور لوٹ مار کے لیے ایک غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فورسز کی بروقت کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ مسلح افراد مارے گئے اور ان کے ٹھکانے سے 23 افراد کو محفوظ نکال لیا گیا۔

​سرکاری اعلامیے میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ موقع سے چھ ٹرک، تین بسیں، دو کاریں اور بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ بیان کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

دوسری جانب، قلات اور اطراف کا یہ علاقہ سیکورٹی خدشات اور سخت پابندیوں کے باعث ’نو گو ایریا‘ کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں صحافیوں اور آزاد میڈیا کے نمائندوں کی رسائی ممکن نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا کی غیر موجودگی کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کے ان دعووں، ہلاکتوں کی نوعیت اور برآمدگیوں کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

Related posts

خاران کے ڈپٹی کمشنر منیر سومرو مبینہ طور پر اغوا

علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا

امریکا کا مستقبل کا رویہ جوہری معاہدے میں بقا کا تعین کرے گا؛ تہران یمن اور ریاض میں حقیقی امن چاہتا ہے: سیکیورٹی چیف محسن رضائی