ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مشرقی علاقے کی طرف داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیے گئے، جبکہ جنوبی علاقے کی جانب بھیجے گئے 4 ڈرونز کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کرنے کی تصدیق کی، تاہم بیان میں ان کے ممکنہ اہداف، جانی نقصان یا املاک کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب سعودی حکام نے مشرقی علاقے اور خرج میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر جاری کیے گئے الرٹ واپس لے لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دمام میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شیبہ آئل فیلڈ کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس سے دو روز قبل سعودی قیادت میں اتحادی فورسز نے ملک کے جنوبی حصے کی جانب داغے گئے 10 بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے اس سے قبل ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے فوجی ہدف قرار دیا تھا اور ایئرلائنز، ایئرپورٹ عملے اور مسافروں کو ہوائی اڈہ استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی تھی۔
