اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ملک میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 7 اشیا سستی اور 21 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مسلسل 9 ہفتوں تک مہنگائی میں اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.38 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن کی قیمت میں 3.31 فیصد، دال چنا میں 4.97 فیصد، دال ماش میں 0.98 فیصد، دال مسور میں 0.65 فیصد، ایل پی جی میں 0.42 فیصد، ڈیزل میں 0.47 فیصد، جلانے والی لکڑی میں 0.69 فیصد، چائے میں 0.28 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 3.36 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں ٹماٹر کی قیمت میں 23.05 فیصد، پیاز میں 4.90 فیصد، کیلے میں 2.59 فیصد، پیٹرول میں 0.70 فیصد، چینی میں 0.62 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
آمدنی کے مختلف طبقات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح 8.19 فیصد رہی، جبکہ 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 10.11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح 22 ہزار 889 سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی سالانہ شرح 8.99 فیصد، 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے آمدنی والے طبقے میں 9.54 فیصد، جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے میں یہ شرح 12.09 فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے مجموعی مہنگائی میں معمولی کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔
