شارجہ (پاک ٹوڈے): افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے 200 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
راشد خان نے یہ سنگ میل جمعرات کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران حاصل کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے اوپنر تادیواناشے مارومانی کو آؤٹ کرکے اپنی 200ویں وکٹ مکمل کی۔ یہ ان کا 120واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ راشد خان نے 2015 میں بھی زمبابوے ہی کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 11 سال بعد اسی ٹیم کے خلاف ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سودھی 165، ٹم ساؤتھی 164 اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا 163 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
راشد خان مجموعی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ وہ 551 میچز میں 742 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن 658 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
